نئی دہلی، 8 ؍نومبر(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )مرکزی وزیر اننت کمار سمیت کئی سیاسی جماعتوں کے لیڈروں نے آج سینئر صحافی گریش نکم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ان کا کل یہاں انتقال ہو گیا تھا۔گریش نکم(59)کے جسد خاکی کو آج راجیہ سبھا ٹیلی ویژن کے احاطہ میں لایا گیا۔وہ گزشتہ کئی سالوں سے مقبول شو’ بگ پکچر ‘پیش کر رہے تھے۔سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری، کانگریس لیڈر بی کے ہری پرساد،پرسار بھارتی کے صدر اے سوریہ پر کاش، کئی سینئر صحافیوں اور ان کے قریبی لوگوں نے نکم کو خراج تحسین پیش کیا۔میڈیاتنظیموں کی جانب سے بھی انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔گریش نکم کو کل دل کا دورہ پڑنے کے بعد نزدیکی رام منوہر لوہیا اسپتا ل لے جایا گیا تھا جہاں انہوں نے آخری سانس لی ۔گریش نکم کے بھائی نرنجن ان کے جسد خاکی کو بنگلور لے گئے ہیں جہاں کل ان کی آخری رسومات اداکی جائے گی ، نرنجن بھی پیشے سے صحافی ہیں۔